ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹِکل میں کل پیر کوہوگا باپوجی سیوا کیندرا کا افتتاح؛ عوامی سہولت کے لئے ایک مرکز سے 100خدمات

بھٹِکل میں کل پیر کوہوگا باپوجی سیوا کیندرا کا افتتاح؛ عوامی سہولت کے لئے ایک مرکز سے 100خدمات

Sun, 24 Jul 2016 14:44:58  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 24جولائی (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے ایک ہی مرکز کے تحت 100قسم کی خدمات فراہم کرنے والے 'پنچایت 100۔باپوجی سیوا کیندرا' نامی مراکز کا افتتاح بھٹکل کے ہیبلے،ایلوڈی کوور اور بیلکے گرام پنچایت میں 25 جولائی کو ہونے جارہا ہے۔ سرکاری سہولتیں فراہم کرنے والے ان مراکز کا عوام بہت دنوں سے انتظار کررہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق پوری ریاست کے 1000گرام پنچایتوں میں ان مراکز کا آغاز ہوگا۔ضلع شمالی کینرا کے لئے46مراکز منظور ہوئے ہیں۔ان میں سے 25گرام پنچایتوں میں ان مراکز کا افتتاح کل ہونے والا ہے جس میں بھٹکل تعلقہ کے مندرجہ بالا تین گرام پنچایت شامل ہے۔ بھٹکل تعلقہ کے ا ن مراکز میں افتتاح کے موقع پر ایم ایل اے منکال ویدیا ،متعلقہ گرام پنچایت کے صدور، عوامی نمائندے اورسرکاری افسران شامل رہیں گے۔ضلع کے کچھ مقامات پر ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے اس مرکز کا افتتاح کریں گے۔

بھٹکل تعلقہ پنچایت کے سی ای اومسٹر سی ٹی نائک نے بتایا کہ آئندہ ان مراکز سے پنچایت راج قانون کے تحت 43 خدمات، ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے تحت 39خدمات اور دیگر علاقوں سے متعلقہ 18قسم کی خدمات مرحلہ وار گرام پنچایت کے باشندوں کودستیاب ہونگی۔اس کی وجہ سے مختلف معاملات کے لئے تعلقہ مراکز کے چکر لگانے کی دشواریوں سے عوام کو راحت مل جائے گی۔

ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکُل نے بتایاہے کہ اب گرام پنچایت والوں کو زمین کے دستاویزات آر ٹی سی اور پاہنی پتر وغیرہ کے لئے شہری دفتروں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ ضلع کے تمام 231گرام پنچایتوں میں آر ٹی سی جاری کرنے کے سہولت فراہم کردی گئی ہے۔انکم سرٹفکیٹ، ذات پات کے سرٹفکیٹ ، بیک ورڈ کلاس سرٹفکیٹ ، آر ٹی سی، رہائشی سرٹفکیٹ ، بلڈنگ تعمیرکرنے کی اجازت ،پانی کا کنکشن وغیرہ جیسے معاملات کے لئے باپوجی سیوا کیندرا جیسے ایک ہی مرکز سے خدمات فراہم کی جائیں گی۔اس کے علاوہ عوامی سہولت کے لئے ٹیلی فون بل، الیکٹرک بل کی ادائیگی ، گاڑیوں کا انشورنس، لائف انشورنس،ڈی ٹی ایچ اور ڈاٹا کارڈ ریچارج ، بس ، ریل اور ہوائی جہاز کی ٹکٹ بکنگ اور منی ٹرانسفر جیسی سہولیات بھی اس مرکز میں حاصل رہیںگی۔
 


Share: